بھدرواہ //سول انتظامیہ اور پولیس کے درمیان بھدرواہ میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں تال و میل میں فقدان کی خبریں روز نامہ کشمیر اعظمیٰ میں شائع رپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے سول انتظامیہ نے پہل کرتے ہوئے ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کا کام بذات خود شروع کیا ہے،جس سے سیاحوں اور دوکانداروں کو تھوڑی سی راحت ملی ہے۔کشمیر اعظمیٰ میں 23جون 2017 کو ٹریفک کی بد نظمی کے سلسلہ میں شائع خبر کا ایگزیکٹومجسٹریٹ بھدرواہ معصود احمد کو بذات خود ٹریفک کا منیجمنٹ چلاتے ہوئے اور لکشمی نارائن چوک اور صدر بازار میں گاڑیوں کو سیری بازار میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے خا ردا رتار بچھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے،جہاں پر عید کی خریداری اور سیاحوں کا بھاری رش ہوتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سول انتظامیہ کی جانب سے اہم کاروباری مرکز سیری بازار میں بھاری گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی کے باوجود اور نئے بس اسٹینڈ سے پسری براستہ سیری بازار نو پارکنگ زون کے باوجود اس سڑک پر اولڈ ہسپتال سے جامع مسجد تک درجنوں گاڑیاں اہم کارروباری مرکز سیری بازار میں داخل ہوتی تھیں ،جس سے اس سڑک پر کافی جام لگا رہتا تھا ،جس کی وجہ سے اس سڑک کے ٹکڑے کو پار کرنے کے لئے کم سے کم بیس منٹوں کا وقت لگتا تھا۔مقامی لوگوں نے اس ٹریفک کی بد نظمی کے لئے پولیس اور ٹریفک حُکام کو مورد الزام ٹھہرایا تھا ،کیونکہ وہ ایس ڈی ایم کی جانب سے ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے لئے ایس ڈی ایم کے ہدایات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔اب جبکہ سول انتظامیہ نے بذات خود اس میں پہل کی ہے تو لوگوں کو راحت ملی ہے۔ایک سینئر صحافی راجا رہبر جمال نے کہا ہے کہ ٹریفک کی بد نظمی سے لوگوں کو کافی دشواریاں ہوتی تھیں ۔ایگزیکٹو مجسٹریٹ معصود احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جب ہمیں ٹریفک کی بد نظمی کی خبر ملی تو میں نے بذات خود سیری بازار جا کر حالات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ میں گُذشتہ دو دنوں سے یہ کام کر رہا ہوں۔ اور میں بذات خود اگلے کئی دنوں تک سیری بازار میں ٹریفک کی مانیٹرنگ کروں گا۔