بھدرواہ // غیر قانونی لکڑی کی بدعت کے خلاف جاری مہم میں فارسٹ ڈویژن بھدرواہ اور فارسٹ پروٹکشن فورس نے جمعہ کے روز بھدرواہ فارسٹ ڈویژن کے چرالہ رینج سے لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی ضبط کی ہے۔ اطلاعا ت کے مطابق فارسٹ ڈویژن بھدرواہ میں غیر قانونی طور سے تعمیراتی لکڑی ذخیرہ کرنے کے رپورٹوں پر کاروائی کرتے ہوئے فارسٹ کنٹرول روم بھدرواہ، فارسٹ پروٹکشن فورس جے۔8 گاما یونٹ ڈوڈہ کی ایک ٹیم نے ڈی ایف او بھدرواہ وویک ورما کی قیادت میںچرالہ رینج کے جائی بلاک کے کمپارٹمنٹ نمبر 8سے9 کا تین روزہ مشترکہ آپریشن چلایا اور 1481.00 مکعب فٹ غیر قانونی لکڑی کے 340 شہتیر ضبط کئے،جسے مختلف مقامات پر مکی کے کھیتوں میں سمگلنگ کیلئے ذخیرہ کیا گیا تھا ۔اس موقعہ پر ڈی ایف او نے کہا کہ وزیر جنگلات لعل سنگھ کی نے جنگل سمگلروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے ہدایات پر محکمہ جنگلات اور فارسٹ پروٹکشن فورس جنگل سمگلر وں کے خلاف کاروائی کرنے اور جنگلات کو بچانے میں سرگرم ہوگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ضبط شدہ لکڑی غالباً دو ،تین سال قبل سرسبز دیودار اور کیل کاٹ کر سمگلنگ کے لئے ذخیرہ کی گئی ہوگی۔ضبط شدہ لکڑی کو تحویل میں لیکر متعلقہ فارسٹ دفعہ جات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔محکمہ نے اس سلسلہ میں تفصیلی تحقیقات شروع کی ہے۔انہوںنے عوام کا شکریہ ادا کیا جنھوںنے بر وقت اطلاع فراہم کرتے ہوئے سمگل کی جارہی لکڑی کو بازیاب کرانے میں اپنا تعاون پیش کیا۔انہوں نے مستقبل میں بھی لوگوں سے ایسے ہی تعاون کی اپیل کی ہے ،تاکہ جنگل مافیا کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔