بھدرواہ // تحصیل بھدرواہ کے علاقہ، نالٹھی ، بستی ،سرتنگل اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور انتظامیہ کے خلاف زور دار مظاہرہ کیا۔ انہوںنے حکام کے رویہ پر بھی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے طویل عرصہ سے التو ا میں پڑی ہوئی اپنی مانگوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے بنی ، بسوہلی سڑک کی خستہ حالت پر تشویش کااظہار کیا اور اس سڑک کو جلد مرمت کرنے کی مانگ کی ۔اس دوران چمبہ روڈ چوک، ہنومان مندر چوک اور نالٹھی مارکیٹ میںکافی تعداد میںلوگ جمع ہوگئے اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے خلاف احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے کہا کہ بی آر او اور گریف حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو کافی مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ ، بسوہلی سڑک کی خستہ حال کی وجہ سے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو گردوغبار کی وجہ سے جینا دو بھر ہوگیا ہے۔متعلقہ حکام سے بار بار استدعا کی گئی کہ اس سڑک کو پختہ بنا کر اس پرتار کول بچھایا جائے مگر ان کی آوازسنی ہی نہیں جارہی ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ اس گردوغبار کی وجہ سے جہاںان بچے بیمار ہوگئے ہیں ،وہاں فصلوں کو بھی نقصان پہنچ رہاہے۔ بھدرواہ ، بنی ،بسوہلی سڑک جو کہ گزشتہ زائد از چار دہائیوں سے زیر تعمیر ہے اور اِسے متبادل قومی شاہراہ قرار دینے کے ساتھ بھدرواہ کے لئے اس لائف لائین سمجھا جارہا ہے،مگر اس کے باوجود اس سڑک تعمیر کاکام بالکل ّست رفتار سے جاری ہے۔