سرینگر// آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے تازہ بیان کے خلاف شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھاگوت جیسے لوگ نفرت کے پجاری ہیں اور وہ اپنے حقیر مفادات کی خاطر ہمیشہ لوگوں کو تقسیم کرنے کے بارے میں ہی سوچتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ موہن بھاگوت جیسے عناصر ہی ہیں جو ہمیشہ اپنی بیمار ذہنیت کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ جڑے معاملات و مسائل کو منفی نظریہ سے دیکھتے ہیں۔ فریڈم پارٹی نے کہا کہ جموں کشمیر کی اکثریتی آبادی نے کبھی بھی بھارت کو اپنا ملک تسلیم نہیںکیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ موہن بھاگوت کا تازہ بیان کشمیری عوام کے خلاف کھلی دھمکی ہے جس میں کشمیریوں کیخلاف ’طاقت‘ کے استعمال کی وکالت کی گئی ہے۔فریڈم پارٹی نے عالمی برادری پر زو دیا کہ وہ جنوب ایشائی خطے میں رہنے والے لوگوں کو بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے بچالے۔پارٹی نے فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد دی ہے۔ سالویشن مومنٹ نے موہن بھاگوت کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار ہوئے کہا ہے کہ جس طرح سے انہوں نے کھلے عام کشمیری عوام اور مزاحمتی قیادت کو دھمکانے کی دانستہ کوشش کی وہ انتہائی غیر جمہوری، غیر قانونی اور قابل مذمت ہے۔ سالویشن مومنٹ نے کہا ہے کہ مزاحمتی تحریک سے کشمیری عوام کی مکمل یکجہتی اور استقامت کی وجہ سے آرایس ایس جیسی جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ ترجمان نے کامران یوسف کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔