اسلام آباد //وزارت خارجہ نے بھارتی فوجیوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ہفتے میں پانچویں دفعہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرادیا ۔دفتر خارجہ کے احتجاجی مراسلے میں ڈی جی سارک اور ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کریں اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے موجودہ اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرے۔انہوں نے زور دیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ شہری آبادی والے علاقوں پر جان بوجھ کر فائرنگ اور گولہ باری کرنا قابل مذمت اور انسانی حقوق سمیت عالمی قوانین کے منافی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف روزیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ اور تذویراتی عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔