شوکت حمید
سرینگر//کشمیر کا ایک20 سالہ طالب علم جس کا تعلق راولپورہ سرینگر سے ہے ،نے حال ہی میں تھائی لینڈ میںہونے والی بائیکرس کی عالمی کانفرنس میں بھارت کی نمائندگی کی۔ سید شمعون احمد ہمدانی ولدمحمد ایوب نامی 12ویں جماعت کے اس طالب علم نے کامیابی کی سیڑھی پر چھلانگ لگانے کے لیے بہت محنت کی ہے، پہلے ہی ریاستی اور قومی سطح پر کئی اعزازات جیت چکے اس سکوٹر سوار نے کشمیر سے کنیا کماری کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں کے ساتھ ساتھ نیپال اور بھوٹان اپنی موٹر سائیکل پر اکیلے سفر کیا ہے ۔سید شمعون نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا ’’انٹر نیٹ پر میرے کچھ انٹرویو اور ویڈیو دیکھ کر انٹر نیشنل بائیکرس ایسوسی ایشن نے مجھ سے را بطہ کیا اور تھالی لینڈ میں ہونے والی بائیکرس کانفرنس میں شامل ہونے کی دعوت دی ‘‘۔
انہوں نے بتایا ’’تھالی لینڈ کے فوکیت شہر میں منعقدہ اس کانفرنس میں دنیا بھر کے150بائیکرس نے حصہ لیا اور اپنے تجربات بیان کئے ‘‘۔ سید شمعون نے کہا ’’بھارت کی طرف سے میں نے ملک کی نمائندگی کی اور کانفرنس میں شریک مندوبین کو بھارت اور کشمیر آنے کی دعوت دی ‘‘۔ سید شمعون نے اسی سال بارویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے اور اب تک انہوں نے نہ صرف ہزاروں کلو میٹر کا سفر اکیلئے ہی موٹر سائیکل پر طے کیا بلکہ ایک بار انہوں نے میانمار جانے کی بھی کوشش کی تاہم میانمار سرحد کے قریب انہیں روک دیا گیا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ اس وقت سرحد بند تھی ۔ وہ موسم سرمامیں سب سے اونچے موٹر ایبل روڈ امنگلا پاس تک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ترقی کرنا چاہتا ہوں اور اپنے ملک کا نام آگے لے جانا چاہتا ہوں،میرے پاس سہولیات نہیں ہیں اور بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن پھر بھی، میں کوشش جاری رکھے ہوئے ہوں۔کئی مرحلوں پر مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے سید شمعون نے اپنی موٹر سائیکل پر اکیلے 25 ریاستوں کا سفر کیا اور اپنی موٹر سائیکل پر مزید ممالک کا سفر کرنے کے درپے ہے۔