اسلام آباد //پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے دھمکیوں سے جنوبی ایشیاء کے امن کو خطرہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارتی میڈیا کا ایک حصہ جان بوجھ کر پاکستان کی مخالفت کرتا ہے۔بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کو نتائج بھگتنے کی دھمکی کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ایسے بھارتی اقدامات کا نوٹس لیا جائے جن سے جنوبی ایشیائی خطے کا امن خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی پولیس، دفاعی حکام اور میڈیا کی جانب سے بغیر کسی تحقیق کے جموں حملے کے الزامات کی پاکستان سختی سے تردید اور انہیں مسترد کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت نیجموں میں سنجوان کیمپ پر ہونے والے حملے کا الزام پاکستان پر لگادیا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود ہی جج، جیوری اور عملدرآمد کا فیصلہ کرتا ہے اور اپنے ان ہتھکنڈوں کی مدد سے دنیا کی توجہ کشمیر میں جاری اپنی فورسز کے مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی واقعے کے بعد پاکستان پر الزام لگانا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے اور اس کا یہ رویہ اور بیانات خطے کے استحکام کے لئے خطرناک ہیں۔