سرینگر // حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ہندوستان کے نیشنل سکیورٹی ایڈئیزر اجیت ڈوول کے بیان نے ہندستان کے چہرے اور اس کے اصل عزائم کو کشمیری عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔جامع مسجد میں میرواعظ نے کہا کہ کشمیر کے اکثریتی کردار کو ختم کرکے بھارت یہاں کی زمین پر اپنا قبضہ جمانا چاہتا ہے اور یہاں کے عوام کی امنگوں کو دبا کر کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کا بی جے پی کا یہ مذموم ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا عدالتی طریقہ کار کو عملا کر آئین ہند میں کشمیر کو دئے گئے خصوصی اور منفرد حقوق کی تذلیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے برسرمزاحمت ہیں جس کا ان سے بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں اس پر شاہد عدل ہیں۔ میراعظ نے کہا کہ کس طرح ہندوستان اپنی وعدے سے مکر سکتا ہے۔ کیا اس وعدے کی کوئی میعاد مقرر ہے۔ انہوں نے کہا اس وعدے کی وقت گذرنے کے ساتھ افادیت کم نہیں ہوئی نہ ہوگی۔ اگر ایسا ہوتا توکشمیریوں کی تیسری اور چوتھی نسل اس قدر مزاحمت کیلئے سڑکوں کا رخ نہیں کرتے اور شہید نہ ہوتے۔