اسلام آباد // پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بقول انکے آنے والے دنوں میں بھارت کی جانب سے ایک اور جارحیت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 16 سے 20 اپریل کے درمیان جارحیت کا امکان ہے۔ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے پاس معتبر انٹیلی جنس ہے کہ بھارت ایک نیا منصوبہ تیار کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان پر ایک اور جارحیت کا امکان ہے اور 16 سے 20 اپریل تک کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ’میں ذمے داری سے بات کر رہا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ میرے پاس ایک ذمہ دار عہدہ ہے اور میرے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ عالمی میڈیا کی زینت بنیں گے، ہمارے پاس اس وقت معتبر انٹیلی جنس ہے کہ بھارت ایک نیا منصوبہ تیار کر رہا ہے، اس کی پلاننگ ہو رہی ہے اور پاکستان پر ایک اور جارحیت کا امکان ہے اور ہماری اطلاعات کے مطابق 16 سے 20اپریل تک یہ کارروائی کی جا سکتی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک نیا ڈرامہ رچایا جا سکتا ہے اور کشمیر میں پلوامہ جیسا ایک اور نیا واقعہ رونما کیا جا سکتا ہے اور اس کا مقصد اس حملے کی آڑ میں پاکستان پر سفارتی دباؤ بڑھانا اور اپنی عسکری کارروائی کو جواز دینا ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ ایک انتہائی خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ خطے پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟۔ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال اور مصدقہ اطلاعات کو سامنے رکھتے ہوئے دفتر خارجہ نے فی الفور فیصلہ کیا کہ سیکورٹی کونسل کے مستقل اراکین کے سفرا کو اسلام آباد میں مدعو کریں اور 2 دن قبل سیکریٹری خارجہ نے سیکورٹی کونسل کے پانچوں مستقل اراکین کو دفتر خارجہ میں دعوت دے کر انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کیا کہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے کر بھارت کی تنبیہ کرے کہ وہ اس راستے پر نہ چلے۔انہوں نے کہا کہ میرے علم میں یہ بھی ہے پلوامہ واقعے کے بعد جب 26 فروری کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کی جاتی ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور 1971 کے بعد پہلی مرتبہ لائن آف کنٹرول کو عبور کرتا ہے تو اس وقت بہت سے ذمہ دار ممالک خاموش رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی ممالک یہ جانتے تھے کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی تھی لیکن اس کے باوجود وہ خاموش رہے، ایسا نہیں کہ ہمیں خاموشی کی وجوہات کا علم نہیں، جیو پولیٹکس خاموشی کی وجہ بن رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی برادری کو اس خطے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے خاموش نہیں رہنا چاہیے، اگر وہ خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں تو وہ خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے، انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بالخصوص پلوامہ واقعے کے بعد کشمیر میں جبر و تشدد بڑھا ہے اور عالمی برادری کو اس سے صرف نذر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو اس سے پورے جنوبی ایشیا کا امن و استحکام متاثر ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ پیغام دینا چاہوں گا کہ پاکستان نے کشمیریوں کی پر امن اور سیاسی جدوجہد کو سراہا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان کا حق ہے کہ جس بے دردی سے انہیں کچلا جا رہا ہے اور اگر وہ آواز اٹھائیں گے تو پاکستان ان کا ساتھ دیتا رہا ہے اور ساتھ دیتا رہے گا، ہم متاثرین کے ساتھ تھے اور ہیں۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ دنیا نے یہ بھی دیکھا کہ بھارت نے جو پروپیگنڈا کیا اس کی قلعی کھل گئی ہے اور ہم نے نہیں بلکہ عالمی میڈیا نے اس کو بے نقاب کردیا، انہوں نے 3 باتیں برملا کہیں تاکہ مودی سرکار عوام کی ہمدردیاں حاصل کر سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلا دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان میں اسٹرائیکس کے ذریعے دہشت گرد کے 3 کیمپوں کو نشانہ بنایا اور دنیا نے دیکھا کہ کوئی دہشت گردوں کا کیمپ نہیں تھا جس کو وہ دنیا کو دکھا سکیں البتہ 4 گڑھے انہوں نے ضرور دیکھے جو ان کے بم سے پڑے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا دوسرا دعویٰ تھا کہ ہم نے کارروائی کے ذریعے 350 سے زائد دہشت گردوں کو نشانہ بنایا لیکن وہ ایک لاش تک نہیں دکھا سکے، ایک جنازے کی فوٹیج بھی دنیا کو نہیں دکھا سکے، وہ زخمیوں کو ہسپتال میں زیر علاج بھی نہیں دکھا سکے چنانچہ ان کے دوسرے دعوے کی بھی قلعی کھل گئی۔بھارت کا تیسرا دعویٰ تھا کہ ہم نے پاکستان کا ایک لڑاکا طیارہ ایف-16 مار گرایا ، آج دنیا اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ پاکستان کا کوئی ایف-16 طیارہ متاثر نہیں ہوا۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم اس پروپیگنڈے اور پلوامہ کے ذریعے اپنی مقبولیت میں جو اضافہ چاہتے تھے وہ تو الٹی پڑ گئی اور آج اس تشویش کو سامنے رکھتے ہوئے ہماری اطلاعات ہیں کہ وہ نئی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور یہ بہت خطرناک بات ہے اور ہمیں ایک نئی جارحیت کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی اس اطلاع کو شیئر کریں گے، عالمی برادری کو آگاہ کریں گے، ان کے عزائم کو بے نقاب کریں گے اور پاکستانی عوام کو باخبر رکھیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر پاکستان پر کوئی جارحیت کرتا ہے، پاکستان کو نشانہ بناتا ہے تو قوم کی توقعات اور عالمی قانون کے مطابق ہمیں اپنے دفاع کا مکمل حق ہے اور ہم اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔