سرینگر//پاکستان نے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کے ساتھ بامعنیٰ ،پائیدار اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر یوںکی آواز کو دبانے کیلئے تشدد وجبر کا راستہ اختیار کیا ہے ۔پاکستان نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے سنجیدہ نہیں اور مذاکرات کی میز سے ہر وقت بھاگنے کی فراق میں رہتا ہے ۔ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر پر بھارت کے ساتھ با معنی ، پائیدار اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم کشمیریوں پر ظلم و جبر اور تشدد کو بین الاقوامی میڈیا نے اپنی شہ سرخیوںمیں جگہ دی ہے اور یہ کہ بھارت پر کشمیر یوں پر ہورہے مظالم کو فوری طور بند کرنے پر دبائو ڈالا ۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے سنجیدگی کا اظہار کر رہی ہے اور بھارت کو اب مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے آگے آنا چاہئے کیونکہ وہ طاقت کے بل پر زیادہ دیر کشمیریوں کی آواز کو دبائے نہیں رکھ سکتا ہے ۔