سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ نے نئی دلی پر زور دیا ہے کہ وہ جموں کشمیر کے لوگوں کو حق خود ارادیت دے۔کل کانسپورہ بارہمولہ میں سید بہائو الدین میموریل ہائی اسکول کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ اگر چہ کشمیریوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں لیکن کشمیر مسئلہ کے نام پر اُن کی صلاحیتوں کو 1947سے یرغمال بنایا گیا ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا ’’اگر واقعی نئی دلی جموں کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ اور کشمیریوں کو اپنے لوگ مانتی ہے تو اسے چاہئے کہ رائے شماری کے جائز وعدے سے نا منحرف ہو اور نہ اسے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت ہے ۔ خود ہندوستان کی پارلیمنٹ کی وہ قرارداد جس میں آر پار جموں کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دیا ہے پورا کرنے کا واحد طریقہ رائے شماری کا انعقاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی کو ہرگز رائے شماری کے نعرے سے ڈرنا نہیں چاہئے اور سمجھ لینا چاہئے کہ وہ لوگ جو نئی دلی کو اپنے حقیر مفادات کیلئے گمراہ کرتے آئے ہی وہ نئی دلی کے دوست نہیں ‘‘۔ انجینئر رشید نے اس موقعہ پر زور دیا کہ نئی دلی جموں کشمیر میں پرائیویٹ سیکٹر میں کالج اور تکنیکی ادارے کھولنے کی اجازت دے تاکہ ریاست کے ہزاروں ذہین طلباء کو ہندوستان کے مختلف شہروں میں در در ٹھوکریں کھانے کی نوبت نہ پہنچے۔