سرینگر// ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے سرحدوں پر جنگ جیسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے موت کا سامان پیدا کر رہی ہے۔سی پی آئی ایم کے سنیئر ریاستی لیڈر نے کہا کہ سرحد کے آر پار گولہ باری سے نہ ہی ہندوستان کو کوئی فائدہ ہے،اور نہ ہی پاکستان کو،بلکہ اس سے ہزاروں لوگ جہاں بے گھر ہو رہے ہیں وہ انکی جائیداد بھی تباہ ہو رہی ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ تشدد کوئی بھی حل نہیں ہے،بلکہ تشدد سے سب سے زیادہ نقصان ریاستی عوام کو ہی ہو رہا ہے۔سرحدوں پر بندوق کی خاموشی کو وقت کی پکار قرار دیتے ہوئے ممبر اسمبلی کولگام نے کہا کہ سرحدوں پر مسلسل تنائو کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید دوریاںبڑھ رہی ہیں۔انہوں کہا کہ2003میں جو جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا، وہ لائن آف کنٹرول کے آر پار رہائش پذیر لوگوںکیلئے ایک بڑا تحفہ ہے،تاہم گزشتہ کئی برسوں سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اب روز کا معمول بن چکی ہے،جس کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔