عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ //بی جے پی نے 10 سالوں میں عوام کے حقوق چھین لینے کیساتھ ساتھ اُس کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کا مستقبل خراب ہونا شروع ہو گیا ہے ۔اس وقت نوجوان بڑی تعداد میں ذہنی دبائو کا شکار ہو کر منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث ہو رہے ہیں ۔جموں ریاسی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار رمن بھلہ نے ان خیالات کا اظہار ضلع سانبہ کے نڈ میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
موصوف نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ افسر شاہی کے اس دور میں نظام پٹری سے اتر چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے چھ سالوں سے جمہوریت نہیں ہے۔ اس دوران سابق وزیر نے کہا کہ بیوروکریٹس لوگوں پر من مانی قوانین مسلط کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کے مفاد میں ووٹ دیں اور اگر ملک میں کانگریس پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو اگنی ویر کا خاتمہ ہو جائے گا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر سنجیو شرما نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بدعنوانی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو تقسیم کرنے کا کام صرف مذہب کے نام پر کیا جا رہا ہے۔ سنجیو شرما نے سانبہ کے نوجوانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی لیڈروں سے سوال پوچھیں کہ انہوں نے فوج کو ٹھیکہ دے کر نوجوانوں کا مستقبل کیوں تباہ کیا۔