عظمیٰ نیوز سروس
جموں // جموں وکشمیر بی جے پی صدر رویندر رینہ کی قیادت میں پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں مختلف محکموں اور سیلوں کے ریاستی انچارجوں کی میراتھن میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔اس اجلاس میں بھاجپا کے سنیئر لیڈران بالخصوص سابق وزیر ست شرما، نائب صدر اور سابق میئر، چندر موہن گپتا، سینئر لیڈر، چندر موہن شرما، چیف ترجمان، سنیل سیٹھی، آل سیل کے کنوینر، راکیش مہاجن اور شریک کنوینر وید شرما نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے ڈپارٹمنٹ اور سیل انچارجز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹارگٹڈ گروپس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کو یقینی بنانا ہوگا اور ساتھ ہی پارٹی کے اندرونی معاملات کے مناسب انتظام کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح کے کارکنوں اور عام لوگوں کے ساتھ مسلسل تعلق قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں اور سیلوں کو بی جے پی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہونا ہوگا اور کانگریس کو شکست دینے کے پارٹی کے مشن میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں محکمہ اور سیل کا اہم کردار ہے۔رویندر رینہ نے ان کے متعلقہ انچارجوں سے تمام محکموں کے انتخابات سے متعلق کام کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے ایک ایک کر کے تمام انچارجز سے بات چیت کی اور مسائل پر بات چیت کی۔ موصوف نے پارٹی کے میڈیا اور سوشل میڈیا مہم، پوسٹر اور دیگر انتخابی مواد کی تقسیم، ووٹر لسٹ کی جانچ،سابق فوجیوں جیسی کمیونٹیز سے ملاقات وغیرہ کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔