عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھاجپا سنیئر لیڈران نے پارٹی ہیڈ کوارٹر تریکوٹہ نگر میں عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا ۔اس دوران شام چودھری جموں و کشمیر بی جے پی کے نائب صدر اور سابق وزیر، بلدیو سنگھ بلواریہ، سابق ڈپٹی میئر، انورادھا سنگھ چاڑک و دیگران نے عوامی شکایات سنیں۔جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تاکہ وہ اپنے روزمرہ کے ترقیاتی مسائل بجلی، پانی، سڑکوں، گلیوں اور نالوں، ریونیو، پنشن اور اسی نوعیت کے دیگر معاملات سینئر لیڈروں کے سامنے پیش کریں۔ شام چودھری نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اپنے مخصوص علاقوں میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں، ساتھ ہی ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر میں عوام کی شکایات کو بھی سن رہے ہیں تاکہ ان کی ترقی اور ذاتی مسائل کو حل کیا جا سکے۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کے خوابوں اور امنگوں کو پورا کر سکتی ہے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی کے اپنے مسائل تک پہنچنے اور حل کرنے کے عزم کو تسلیم کرتے ہیں، اور لوگ اپنی شکایات کو دور کرنے کی پارٹی کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔بلدیو سنگھ بلواریہ نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کو ان کی ہر ضرورت میں دستیاب رہنے کے لئے پرعزم ہے اور پارٹی کا ہر کارکن سماج کو بلا روک ٹوک خدمات فراہم کرتا ہے اور مزید کہا کہ بی جے پی کیڈر ‘قوم پہلے، پارٹی دوسری اور خود آخری’ کے اصول پر کام کرتا ہے۔ .