محمد بشارت
راجوری// تحصیل خواص کی پنچایت حلقہ بڈھال بی کے موڑا شترون میں گزشتہ روز دو سگے بہن بھائیوں کی پراسرار موت کے بعد ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات شروع کئے ہیں۔ ان اموات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے جنگی پیمانے پر کام کا آغاز کیا ہے۔گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور ایس ایس پی راجوری دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لئے بڈھال پہنچے۔ ملاقات کے دوران حکام نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اموات کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ متاثرہ علاقے میں رہنے والے تمام افراد کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ جموں میڈیکل کالج سے آئی ایک خصوصی ٹیم متاثرہ خاندان کے افراد کے تفصیلی ٹیسٹ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، علاقے میں موجود تمام کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے لے کر ان کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ اموات کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ عوام کی سہولت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور متاثرہ علاقوں کے مکینوں کیلئے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ایس ایس پی راجوری نے بھی متاثرہ علاقے کے دورے کے دوران عوام کے تحفظات کو سنا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اموات کے پیچھے چھپی کسی بھی ممکنہ وجہ کو جلد از جلد سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لئے محکمہ صحت، فوڈ سیفٹی اور دیگر متعلقہ محکمے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔اس دوران ممبر اسمبلی کوٹرنکہ بدھل جاوید چوہدری نے کہاکہ مذکورہ معاملہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ کیساتھ اٹھایا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی اس معاملے کو سنجیدگی کیساتھ لے رہی ہے ۔علاقے کے لوگوں نے حکام سے مزید اقدامات کی درخواست کی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔ مقامی افراد نے انتظامیہ کی جانب سے بروقت اقدامات کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی خدشات کا اظہار کیا کہ اگر ان اموات کی وجہ جلد معلوم نہ کی گئی تو علاقے میں مزید خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔