سرینگر// چھتر گام بڈگام میں عام شہری کی ہلاکت پر شبہات کو دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ واد ی میں لوگ عدم تحفظ کے شکار ہوچکے ہیں ۔ عمر عبداللہ نے اشفاق احمد کی ہلاکت پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس ہلاکت میں پائے جارہے شکوک و شبہات کو دور کریں ۔ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ اشفاق کی ہلاکت پر اصل حقائق سامنے رکھ کر لوگوں کو مطمئن کرے ۔انہوںنے کہا کہ وادی کے مخدوش حالات اور مار دھاڑ سے لوگ عدم تحفظ کے شکار ہوگئے ہیں۔عمر عبداللہ نے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کااظہارکیا ہے۔ ادھرمحبوبہ مفتی نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ حفاظتی ایجنسیوں کو اس بات کا پابند بنائیں کہ کسی بھی عام شہری کی ہلاکت نہ ہو اور اس کے ساتھ ساتھ تلاشی کارروائیوں کے دورا ن لوگوں کی جائیداد کو نقصان نہ پہنچایا جائے ۔ محبوبہ مفتی نے نوجوان کی ہلاکت پر سخت برہمی اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ہلاکتوں سے عوام کے اذہان میں فورسز کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ انہوںنے اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے حق میں ریلیف کامطالبہ بھی کیا ۔