محمد تسکین
بانہال/// بڈگام اور ویشنو دیوی ریلوے کٹرہ کے درمیان 19ستمبر سے شروع کی گئی خصوصی ریل سروس تمام سٹیشنوں پر سواریاں اتارنے اور بھرنے کیلئے رُکے گی ۔ یہ سروس 3اکتوبر تک جاری رہے گی۔ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ عارضی سروس جموںسرینگر قومی شاہراہ کی خراب حالت اور بار بار ٹریفک پابندیوں کے پیش نظر متعارف کرائی گئی ہے۔ اس ریل گاڑی کے تمام اہم سٹیشنوں پر سٹاپ ہوں گے، جن میں بڈگام، سرینگر، اونتی پورہ، اننت ناگ، قاضی گنڈ، بانہال، کھڑی، سمبڑ ، سنگلدان، ساولکوٹ، ڈوگا، بکل، ریاسی اور کٹرہ شامل ہیں۔ تمام سٹیشنوں پر مسافروں کیلئے ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ بڈگام سے ویشنو دیوی کٹرہ تک کرایہ صرف 50 روپے جبکہ بانہال سے کٹرہ تک 30روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے ۔ٹائم ٹیبل کے مطابق، ریل گاڑی بڈگام سے صبح 08:45بجے روانہ ہوتی ہے اور بانہال صبح 10:45بجے پہنچتی ہے۔ بانہال سے روانگی صبح 11:00بجے اور کٹرہ پہنچنے کا وقت دوپہر 01:30بجے ہے، جبکہ کٹرہ سے واپسی کی روانگی 01:45بجے ہوگی۔عوام نے ریلوے حکام کے اس اقدام کو سراہا ہے اور اس عارضی سروس کو مستقل بنانے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔ ہزاروں مسافر اس سستی، محفوظ اور بلا رکاوٹ سفری سہولت سے مستفید ہوں گے اور شاہراہ کی بہتری تک ریل سروس ہزاروں مجبور مسافروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی ۔
جموں میں آج سےٹرین خدمات بحال ہونگی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//شمالی ریلوے نےاعلان کیا کہ جموں ڈویژن میں مسلسل بارش اور پانی بھر جانے کی وجہ سے منسوخ کی
گئی متعدد ٹرینیں 21 ستمبریعنی آج سے دوبارہ خدمات شروع کریں گی۔افسران نے کہا کہ یہ فیصلہ حفاظتی معائنہ اور مرحلہ وار بحالی کے منصوبے کے بعد کیا گیا ہے۔شمالی ریلوے نے مطلع کیا ہے کہ ٹرین نمبر 12238(جموں توی۔وارانسی)، ٹرین نمبر 12332 (جموں توی۔ہاؤڑا) اور ٹرین نمبر 12356(جموں توی۔پٹنہ) 21ستمبر کو دوبارہ کام شروع کریں گی، جبکہ ٹرین نمبر 12920(ماتا ویشنودیوی کٹرہ۔ امبیڈکر نگر) 22ستمبر کو دوبارہ شروع ہوگا۔سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچیت سنگھل نے کہا کہ پٹریوں اور پلوں کی حفاظت اور تسلسل کو یقینی بنانے کے بعد ٹرینوں کو دوبارہ چلایا جا رہا ہے۔انکاکہناتھا’’یہ ٹرینیں تیسرے مرحلے میں چلائی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی، ٹرینوں کو دو مرحلوں میں دوبارہ چلایا گیا تھا۔ جیسے ہی ریلوے ٹریک اور ریلوے پل پر تکنیکی کام مکمل ہو جاتا ہے، ڈویژن میں ٹرین آپریشن کو بتدریج معمول پر لایا جا رہا ہے‘‘۔ انہوں نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ سفر سے پہلے شمالی ریلوے کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن نمبروں پر شیڈول چیک کریں۔