عظمیٰ نیوزسروس
بڈگام//ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لبرو نے یہاں شیخ العالم ؒمیموریل ڈگری کالج ،بڈگام میں یک روزہ روزگار میلہ کاافتتاح کیا۔ضلع ایمپلائمنٹ وکونسلنگ سینٹر بڈگام کے اہتمام سے اس میلے کاانعقاد کیاگیا تھا۔میلے میں مختکف کالجوں اور آئی ٹی آئیز کے طلاب نے شرکت کی اور موقعہ پرہی انٹرویوں میں شامل ہوئے۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنربڈگام نے کہا کہ یہ میلہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پرمنعقد کیاگیاتاکہ طلاب اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ایسے میلوں میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اپنے لئے روزگار حاصل کرنے کافائدہ اُٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے میلے مستقبل میں ضلع کے دوسرے مقامات پرمنعقدکئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روزگار میلوں کے علاوہ ضلع انتظامیہ بیروزگار نوجوانوں کو ہنروں کی تربیت دینے کیلئے بھی پروگراموں کاانعقاد کرے گاتاکہ نوجوانوں میں ہنروں کی صلاحیت اورروزگارفراہم کرنے والے آجروں کی ضروریات کے درمیان خلیج کو کم کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوانوں کو تیار کرنے کیلئے ہنروں کے مختلف کورسوں کی تربیت کااہتمام کیا جائے گا،تاکہ ہمارے نوجوانوں کو مارکیٹ میں ضرورت کے مطابق ہنروں سے آراستہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف سکیموں جیسے تیجسونی،ممکن پی ایم ای جی پی اور ایچ اے ڈی پی کے تحت روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید نوجوانوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ انہیں روزگار حاصل کرنے کیلئے ہرممکن امداد فراہم کرے گا۔