عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے اتوار کے روز سینئر پارٹی رہنما اور سابق وزیر آغا سید محمود کو آنے والے بڈگام اسمبلی ضمنی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔یہ اعلان پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد کیا گیا اور بعد میں پارٹی کے آفیشل ایکس(سابقہ ٹوئٹر)ہینڈل پر جاری ایک بیان میں اس کی تصدیق کی گئی۔پارٹی کے بیان میں کہا گیا’’پارٹی قیادت کی ہدایت پر این سی نے آغا سید محمود کو بڈگام اسمبلی انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے، پارٹی انہیں کامیاب انتخابی مہم اور عوامی خدمت کے لیے نیک تمنائیں پیش کرتی ہے۔”پارٹی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ محمود کی امیدواری سے پارٹی کا ووٹروں کے ساتھ تعلق بڑھے گا اور بڈگام میں مقامی مسائل کو حل کرنے پر اس کی توجہ مضبوط ہوگی۔وسطی کشمیر کی سیاست میں ایک سینئر اور بااثر شخصیت کے طور پر، آغا سید محمود نے نیشنل کانفرنس کی سابق حکومتوں میں مختلف وزارتی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔آغا محمود نے 1996میں بیروہ حلقہ انتخاب سے جیت درج کی تھی اور وہ وزیر مملکت بنائے گئے تھے۔2002میں انہوں نے بحیثیت وزیر استعفیٰ دیا اور وہ 2008میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں اترے۔ان کی نامزدگی کو نیشنل کانفرنس کے لیے بڈگام میں اپنے روایتی ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں مقابلہ خاصا دلچسپ رہنے کا امکان ہے۔بڈگام اسمبلی نشست پچھلے سال اس وقت خالی ہوئی تھی جب عمر عبداللہ نے یہاں سے جیت درج کر کے استعفیٰ دیا اور گاندربل کی نشست اپنے پاس رکھی۔ ایک سال بعد الیکشن کمیشن نے یہاں ضمنی انتخاب کا اعلان کیا ہے۔پارٹی حلقوں کا ماننا ہے کہ آغا کی عوامی خدمت کی ایک طویل تاریخ ہے۔ ان کی امیدواری تجربے، تسلسل اور ترقی کے عزم کی علامت ہے۔”اتوار کے روزصبح سے ہی سابق وزیرکو میدان میں اتارنے کی خبریں گشت کررہی تھیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بڈگام حلقہ انتخاب 1977 سے این سی کا گڑھ رہا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے 18,000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس حلقے میں عمر عبداللہ نے اپنے مد مقابل پی ڈی پی کے آغا منتظر، جو آغا حسن کے بیٹے ہیں، اور پیشے سے وکیل ہیں، کو ہرایا تھا۔عمومی طور پر بڈگام حلقے کی نمائندہ موجودہ پارلیمنٹ ممبر آغا روح اللہ کرتے آئے ہیں۔یہاںضمنی انتخاب 11 نومبر کو ہوگا جس کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔میدان میں دیگر امیدواروں میں پی ڈی پی کے آغا منتظر مہدی، عوامی اتحاد پارٹی کے نذیر احمد خان، بی جے پی کے آغاسید محسن آف میر گنڈ اور آزاد امیدوار جبران ڈار شامل ہیں۔اس حلقے سے آغا روح اللہ کے چچا آغا محسن نے بھی نامزدگی کا فارم سنیچر کو حاصل کیا ہے، لیکن یہ معلوم نہیں کہ وہ میدان میں اتریں گے یا نہیں۔اپنی پارٹی کے سابق ترجمان منتظر محی الدین نے پچھلے دنوں مستعفی ہوکر آزاد امیدوار کی حیثیت سے چنائو لڑنے کا اعلان کیا ہے۔