کپوارہ//بٹہ گنڈ ماور میں خستہ حال پل کی مرمت نہ کرنے پر علاقہ کے لوگو ں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے اور اس حوالہ سے ہفتہ کے روز مقامی لوگو ں نے بھاجپا لیڈر جاوید قریشی کے ساتھ زور دار احتجاج کیا اور بٹہ گنڈ میں شامیانہ لگا کر دھرنے پر بیٹھ گئے ۔نالہ ماور پر بنائے گئے پل کو رواں سال کے مارچ مہینے میں سیلاب سے سخت نقصان پہنچ چکاہے جس کی وجہ سے پل گا ڑیوں کی آمد و رفت کے قابل نہیں رہا اور قریب 7ہزار کی آ بادی کو پل کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار معاملہ ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں لا یا لیکن تا حال پل کی مرمت نہیں کی گئی ۔ہفتہ کے روز مقامی لوگو ں نے بھاجپا لیڈر جاوید قریشی کی سر براہی میں احتجاج کیا اور بٹہ گنڈ بازار میں ایک شامیانہ لگا کر دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ا س دروان جاوید قریشی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پل کے مرمت کا کام ہاتھ میں لیں تاکہ علاقہ ماور کے لوگو ں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے جاوید قریشی کو یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ فوری طور پل کی مرمت کا کام شروع کرے گی اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت کہ وہ بٹہ گنڈ میں خستہ حال پل کا کام شروع کریں جس کے بعد لوگو ں نے اپنا احتجاج ختم کیا ۔