سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کشمیر کی صوبائی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ بٹہ مالو بس سٹینڈ کے چھاپڑی فروشوں کی باز آباد کاری کے لئے اقداما ت کریں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت اُن کی باز آباد کاری کے لئے سود مند منصوبہ تیار کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے چھاپڑی فروشوں کے وفد سے کہا کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کر کے انہیں کسی منصوبہ بند طریقے پر عمل کرنے کا موقعہ دیں۔ اس سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ نے کل افسروں کی میٹنگ طلب کی جس میں ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ، ایس ایم سی، ایس ڈی اے اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔