ایم ایم پرویز
رام بن //رام بن کے رکن اسمبلی ارجن سنگھ راجو نے بٹوٹ میں انٹر ڈسٹرکٹ ڈویژنل لیول انڈر-19 گرلز ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ یہ ٹورنامنٹ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں و کشمیر کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل انورادھا گپتا کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔افتتاحی مقابلے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول بٹوٹ کے میدان میں کھیلے گئے، جہاں مختلف اضلاع کی ٹیموں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر جگدیش راج شرما ٹورنامنٹ کی نگرانی کر رہے تھے۔میچوں کے آغاز سے قبل تمام کھلاڑیوں کو اسپورٹس مین اسپرٹ اور منصفانہ کھیل کا حلف دلایا گیا تاکہ مقابلوں کا آغاز مثبت اور پرجوش ماحول میں ہو۔اس دوران کھیلے گئے میچوں میں راجوری نے کشتواڑ کو شکست دی۔ریاسی نے سانبہ کو ہرایا۔ادھم پور نے پونچھ کو شکست دی۔کٹھوعہ نے رامبن کو ہرایا۔راجوری نے ادھم پور پر فتح حاصل کی۔ریاسی نے ڈوڈہ کو شکست دی۔ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوان لڑکیوں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور مقابلہ جاتی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع حاصل کریں۔مقامی لوگوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نہ صرف نوجوان لڑکیوں کے حوصلے بلند کرتے ہیں بلکہ انہیں مستقبل میں ریاست اور قومی سطح پر بھی نمائندگی کا موقع فراہم کرتے ہیں۔