رام بن//یوتھ کانگریس بٹوت کی جانب سے پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی پر گجرات میں ہوئے حملہ کی مذمت کرنے کے لئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مُظاہرین کی قیادت یوتھ کانگریس لوک سبھا اودھمپور ۔ڈوڈہ کے سیکرٹری شاہ رُخ بھٹی کر رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی کار پر ایک سیمنٹ کی اینٹ پھینکی گئی جب وہ گجرات کے ضلع بانسکانتا کے دورے پر گئے تھے،جس سے کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت ہی شرم ناک فعل قرار دیا ۔انہوں نے بی جے پی مُظاہرین میں فرقہ وارانہ جذبہ پیدا کرنے اور پارٹی کے تنگ نظریہ کی پالسیوں سے اُکسانے پر پارٹی کی تنقید کی۔مظاہرین نے بی جے پی ورکروں کے حملہ کو قابل اعتراض بتایا اور کہا کہ یہ پارٹی کے اندر بوکھلاہٹ کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے زد و کوب کی سیاست نے جمہوریت کو پامال کرکے رکھ دیا ہے۔مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر اس نوعیت کی پالسیوں کو جاری کررکھنے دیا گیا تو وہ اجتماعی احتجاج کے لئے سڑکوں پر آئیں گے۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا ۔