بنی// بجلی اورپانی کی عدم دستیابی کے خلاف بنی کے لوگوں نے احتجاج کیا۔اس سلسلے میں بنی میں وارڈنمبر سات کے لوگوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام لگایاکہ حالیہ بارشوں کے دوران علاقے کاٹرانسفارمرخراب ہوگیا تھا جس کی مرمت ابھی تک محکمہ نے نہیں کی ہے جس کے باعث لوگ ایک ہفتے سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرفوری طورپر محکمہ پی ڈی ڈی نے بجلی بحال نہ کی تو لوگ مزیداحتجاجی مظاہرے کریں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ پرعائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کوکئی بار جانکاری دی گئی لیکن زمینی سطح پرعملی کام نہیں ہوا جبکہ علاقے کے لوگ ایک ہفتہ سے گھپ اندھیرے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پانی کی پائپیں بھی اکھڑگئی ہیں جس کے باعث پورے بنی علاقے میں پانی کی قلت کاسنگین مسئلہ پیداہوگیا ہے تاہم مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف بھی نعرے باز ی کی۔انہوں نے الزام لگایاکہ وہ پچھلے کئی دنوں سے 4 کلومیٹر کی مسافت طے کرکے پینے کاپانی حاصل کررہے ہیں جبکہ پی ایچ ای محکمہ کی جانب سے ٹینکروں کے ذریعے بھی پانی کی سپلائی کویقینی بنایا نہیںجارہاہے جسکی وجہ سے لوگ پریشان ہیں ۔بعدازاں لوگوں نے اپنے مسائل لے کر ایس ڈی ایم دفترکارخ کیا اوراپنے مسائل ایس ڈی ایم بنی اجیت سنگھ کوبتایا ۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے لوگوں کویقین دہانی کرائی کہ آپ کے مسائل کاازالہ کیاجائے گا۔