عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سری نگر کے بمنہ علاقے میں ایک خاتون کے الزام کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے کہ اس کے نشے کے عادی بیٹے نے اس پر تشدد کیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ایک52 سالہ گھریلو خاتون، جس کی شناخت عرفانہ کے نام سے ہوئی ہے، نے ایک تحریری شکایت کے ساتھ پولیس اسٹیشن بٹہ مالو سے رجوع کیا، جس میں بتایا گیا کہ اس کے22سالہ بیٹے عدنان نے اس پر جسمانی حملہ کیا۔پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد اس کا نوٹس لیا گیا اور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 72/2025 کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ مقدمہ بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 109 کے تحت درج کیا گیا ہے، جسے رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی) کی دفعہ ۷۰۳ کے ساتھ پڑھا گیا ہے، جو قتل کی کوشش سے متعلق ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔زخمی خاتون کو طبی علاج کیلئے جے وی سی اسپتال بمنہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی طرف سے اس کی حالت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہ کیس سرینگر میں نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کی لت کے تشویشناک نمونے کی عکاسی کرتا ہے، جس کی وجہ سے کئی واقعات میں گھریلو تشدد اور خاندانی جھگڑے بھی سامنے آئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں، سری نگر پولیس نے بار بار اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ کس طرح منشیات کا استعمال مجرمانہ رویے کو ہوا دے رہا ہے اور شہر میں خاندانی ڈھانچے کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔بمنہ کے مقامی لوگوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خلاف اپنی مہم کو تیز کرے۔پولیس نے تصدیق کی کہ تحقیقات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے، ابتدائی شواہد اور میڈیکل رپورٹس کا تجزیہ ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔