سرینگر// محکمہ بجلی کے کیجول لیبروں نے کل بمنہ میں پی ڈی ڈی چیف آفس کے سامنے دھرنا دیا اور سرکار کی طرف سے جاری ایس آر اوکو زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے مستقلی اور تنخواہوں کی واگذاری کے مطالبے کو لیکر نعرے بازی کی ۔جموں و کشمیر نان گزیٹیڈ الیکٹرک ایمپلائز یونین اور کیجول لیبروں نے احتجاج کے دوران بتایا کہ محکمہ کے نیڈ بیش ورکروں کو وقت پر تنخواہ نہیں مل رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نیڈ بیس ورکر اور کیجول لیبر گذشتہ6برسوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں ۔سرکار کی برف سے جاری کئے گئے حالیہ ایس آر او کو زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے احتجاجی عارضی ملازمین نے بتایا کہ مذکورہ آڈر میں ان کیلئے کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا ’’ہمیں احتجاج پر مجبور کیا گیا کیونکہ ابھی تک محکمہ بجلی کے کسی بھی نیڈ بیس ورکر کو مستقل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار جاب پالیسی بنانے میں ناکام ہوئی اور محکمہ بجلی کے ہزاروں نیڈ بیس ورکروں کی مستقلی کے حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اُن کے جائز مطالبات کی جانب سے دھیان دیا جائے اور انہیں مستقل کرنے کیلئے اقدمات کئے جائیں۔