عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کی موجودگی میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیابالخصوص بلیوارڈ روڈ کو کشادہ کرنے کے منصوبے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیف اِنجینئر (آر اینڈ بی) نے منصوبوں کی موجودہ صورتحال پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی اور پرزنٹیشن کے ذریعے بریفنگ دی۔ نائب وزیرا علیٰ نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کو ہدایت دی کہ بلیوارڈ روڈ کو کشادہ کرنے کا کام فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے کیوں کہ یہ منصوبہ سیاحت کی ترقی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔محکمہ تعمیرات ِعامہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس عمل کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرے اور کام کی رفتار تیز کرے جبکہ وائس چیئرمین ایل سی ایم اے کو منصوبے کی آسانی سے عمل آوری کے لئے مکمل سہولیت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔نائب وزیراعلیٰ نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرے۔