بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کا بلہامہ رفیع آباد علا قہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میںبجلی ،پانی ،سڑکیںاور طبی جیسے بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ایک مقامی شہری محمد یوسف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ کافی تنگ آچکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سرکار نے 1945 میں بجلی کے کھمبے نصب کئے تھے جو بوسیدہ ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے مشکلات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں پرایک محلہ ایسا بھی ہے جومکمل طور بجلی کے بغیر ہے اور اب اس محلے کو مواصلاتی کمپنی ائر ٹیل کے ٹاور سے عارضی طور بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ایک اور شہری محمد اکبر نے بتایا کہ اگر چہ علاقے میں ایک سرکار ی ہیلتھ سنٹر بھی ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ وہ کافی عرصے سے بند ہے جسکے وجہ سے بیماروں کوضلع اسپتال بارہمولہ یا دیگر اسپتالوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہیںاور آج تک ان سڑکوں پرمیکڈم نہیں بچھایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماتیں صرف الیکشن کے دوران ہی نظر آتی ہیں اور بعد میں کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔