یو این آئی
اسلام آباد// پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے کم از کم سات مسافروں کو قتل کر دیا۔ایک مقامی اہلکار نے بدھ کے روز یہ تصدیق کی کہ یہ حملہ رات 11:45 بجے ہوا۔ منگل کے روز صوبے کے بارکھان علاقے میں ہائی وے پر تقریباً 11 مسلح حملہ آوروں نے ایک مسافر بس کو روک کر حملہ کیا۔ ضلع کے پولیس ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ مسافر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے مشرقی پنجاب کے ضلع فیصل آباد جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ “بظاہر بندوق بردار اپنے اہداف کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس رکھتے تھے ، کیونکہ انہوں نے صرف اس مخصوص گاڑی کو روکا اور متاثرین کو چن چن کر قتل کیا”۔سکیورٹی فورسز کے پہنچنے سے پہلے ہی حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ۔بارکھان پنجاب اور بلوچستان کے درمیان ایک سرحدی ضلع ہے ، جو دونوں صوبوں کے درمیان مسافروں کے لیے اہم ٹرانزٹ روٹ ہے ۔حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔