مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں ابھی تک کئی بنکروں کی تعمیر ادھوری پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔سرحد ی پنچایت بلنوئی کے مکینوں نے بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی کے زیر تحت علاقہ میں 26انفرادی بنکروں کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن ان میں سے زیادہ تر بنکروں کو مکمل ہی نہیں کیا جاسکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2برسوں سے بنکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں حکام کی جانب سے ادائیگیاں بھی نہیں کی گئی جبکہ مقامی لوگوں نے قرض لے کر بنکروں کی تعمیر کا کام شروع کروایا تھا ۔مقامی سرپنچ نسیم اختر نے بتایا کہ سرحدی علاقہ میں فائرنگ سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے بنکروں کی تعمیر شروع کروائی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ سرحد ی پنچایت بلنوئی میں 26انفرادی اور ایک کمیونٹی بنکروں کی تعمیر شروع کروائی گئی تھی لیکن متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے 8بنکروں کو مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے جبکہ 7بنکر ابھی بھی لینٹر ڈالنے کے منتظر ہیں ۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی و ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بنکروں کی تعمیر کیلئے لوگو ں نے قرض لئے ہوئے تھے تاہم وہ جلدازجلد فائرنگ سے بچ سکیں لیکن گزشتہ دو برسوں سے ان کو تعمیر ات کی ادائیگیاں ہی نہیں کی گئی ہیں ۔پنچایتی اراکین و عام لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلداز جلد بنکروں کی بقیہ ادائیگیاں کرکے تعمیر ات کو مکمل کروایا جائے ۔