سرینگر// ریاست کی دو بڑی علاقائی سیاسی پارٹیوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلہ کے باوجود الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست جموں وکشمیر میں طے شدہ شیڈول کے تحت میونسپل انتخابات کا باضابط طور پر اعلان کردیا ہے۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکٹورل افسر شلین کابرا نے میونسپل انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ8،10،13اور16اکتوبر کو 4مرحلوں میں انتخابات ہونگے جبکہ ووٹنگ کا عمل صبح 7بجے سے دوپہر2بجے تک جاری رہے گا ۔ الیکٹورل آفیسرنے کا کہناتھا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور یہ انتخابات وقت پر ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل 20اکتوبر کو ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ کیلئے نوٹیفکیشن 18ستمبر کو جاری ہوگا دوسرے ،تیسرے اور چوتھے مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن 20،22اور24ستمبر کو بالتریب جاری کیا جائیگا ۔ان کا کہناتھا کہ ریاست جموں وکشمیر کی 2میونسپل کارپوریشنز،6میونسپل کونسلوں اور72میونسپل کمیٹیوں کیلئے کل رائے دہندگان کی تعداد17لاکھ ہے ۔ چیف الیکٹورل افسرنے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ضابط اخلاق لاگو ہوگیا ہے ۔واضح رہے کہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے پہلے ہی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی نے ان انتخابات سے کنارہ کشی کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔دونوں پارٹیوں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ہند آرٹیکل35اے پر اپنا موقف واضح نہیں کرتی ،تب تک وہ انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی ۔ پی ڈی ایف نے بھی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔