یو این آئی
واشنگٹن// بل گیٹس نے اپنی زندگی کے نجی اوراق کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں انھوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی یادداشتیں تحریر کریں گے۔مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے منگل کو ایک بلاگ پوسٹ میں اپنی زندگی کے بارے میں کتاب لکھنے کا اعلان کیا ہے، انھوں نے کتاب کا عنوان بھی بتا دیا ہے، سورس کوڈ: مائی بگننگ 4 فروری 2025 میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔بل گیٹس کے لیے کتابیں لکھنا کوئی نئی بات نہیں ہے، وہ 4 کتابوں کے مصنف ہیں تاہم اپنی کہانی وہ پہلی بار سنانے جا رہے ہیں، اس کتاب میں ان کی ابتدائی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔ بل گیٹس کے ترجمان نے کہا یہ ’بل کی اصل کہانی‘ ہوگی، اور اس کتاب میں 1975 میں قائم کی گئی بلاک بسٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ اور خیراتی ادارے گیٹس فاؤنڈیشن پر توجہ مرکوز نہیں کی جائے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کتاب کے سرِ ورق پر ایک ایسے بل گیٹس کی تصویر ہوگی جو بچہ ہے اور ان کے دانتوں کے درمیان خلا ہے، اور جو آج کے بل گیٹس سے بالکل مختلف ہیں۔