سرینگر// اپنے منفرد اندازمیں ٹریفک نظام کو راہ راست لانے کیلئے مشہور آئی جی پی ٹریفک بسنت کمار رتھ کو کل اس وقت اپنی غلطی کا اعتراف کرنا پڑا جب انہوں نے سماجی رابطہ سایٹ ٹویٹر پر ایک تصویر ڈالی جس میں پولیس کی ایک گاڑی کو ٹریفک پولیس کی کرین سے باندھا گیا تھا۔جمعرات کو بسنت رتھ نے ٹویٹر پر ایک تصویر ڈالی جس میں پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ کی ایک گاڑی کو ٹریفک پولیس کی کرین کے ساتھ بندھا ہوا دکھایا گیا تھا اورکرین پولیس گاڑی کو کھینچ کر لے جارہی تھی ۔بسنت رتھ نے اس تصویر کے نیچے یہ عنوان "Equality before law, ladies and gentlemen".لکھا تھا ۔سماجی رابطہ سائٹیوں پر اس تصویر کی کافی تعریف ہوئی اور ٹریفک پولیس کی کارروائی کو سراہا گیا۔یہ تصویر فیس بک ،وٹس اپ پر بحث کا موضوع بنی جس کے بعد کوٹھی باغ پولیس سٹیشن نے اس پر وضاحت دی کہ ٹریفک پولیس نے ان کی کسی گاڑی کو نہیں اٹھایا بلکہ گاڑی میں کچھ خرابی آنے کے بعد ٹریفک پولیس سے کرین کی مدد مانگی گئی ۔ اس کے بعد آئی جی ٹریفک نے دوبارہ ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ’’دوستو یہ میری غلطی تھی کیونکہ مجھے جو جانکاری دی گئی ،مجھے پہلے اس کی تحقیق کرنی چاہئے تھی ۔انہوں نے مزید لکھا پولیس گاڑی کا چالان نہیں ہوا ہے اور میں اپنے ٹویٹ کو نہیں مٹاوں گا کیونکہ میں جوابدہ ہوں اور ہمیشہ جوابدہ رہوں گاـ‘۔