سری نگر//نیشنل کانفرنس کے جنوبی کشمیر کے حلقہ انتخاب ہوم شالی بگ سے ممبر اسمبلی عبدالمجید بٹ لارمی نے وادی میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے جنگجوؤں بشمول معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کو ’شہید‘ قرار دیا ہے۔ لارمی نے گذشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب ہوم شالی بگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے ’ہماری بہنوں کو شہید کیا گیا اور محبوبہ جی عورت ہونے کے باوجود بھی اس پر کوئی بات نہیں کرتی ہیں۔ ان کو بات کرنی چاہیے‘۔ انہوں نے محبوبہ مفتی پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ’عمرعبداللہ جب وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے معافی مانگی اورکہا کہ اگر بندوق میں نے نہیں چلائی لیکن اس کے لئے (ہلاکتوں کے لئے) میں ذمہ دار ہوں‘‘۔ انہوں نے ایوان اسمبلی میں یہ اعتراف کیا۔ مجھے لگتا ہے کہ جب سے برہان وانی شہید ہوگئے، اس کے بعد سے آج تک ہمارے 250 سے زیادہ بچے شہید ہوگئے ہیں۔ آج تک محبوبہ جی اس پر بات نہیں کررہی ہیں۔ وہ ناگپور کی ڈکٹیشن پر کام کرتی ہیں‘۔ اس دوران سینئر بی جے پی لیڈر اور وزیراعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لارمی کے ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’ہمارا یہ ماننا رہا ہے کہ جو دہشت گرد ہے، وہ دہشت گرد ہے۔ اسے دہشت گرد کہنے میں کوئی شرم یا جھجک نہیں ہونی چاہیے۔ ایسا کہنا فوج اور دوسرے فورسز کی توہین ہے‘۔ یو این آئی