سرینگر//برڈ فلو کے خوف کے بیچ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کشمیر نے لوگوں کو محفوظ پولٹری گوشت کھانے کا مشورہ دیا ہے۔لوگوں میں پولٹری گوشت کھانے سے برڈ فلو ہونے کے خدشات کے بیچ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارلحسن نے کہا ہے کہ پولٹری اور چکن کھانے سے برڈ فلو کے پھیلنے کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ چکن کچا اور نیم پکایا ہوا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چکن کو 70ڈگری درجہ حرارت پکانے سے تمام وائرس ختم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاٹنے،پر اکھاڑنے اور بیمار زدہ مرغے کو صاف کرنے سے انسانوں میں برد فلو ہونے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دلی ، گوالیاراور کیرلا سے لائی گئے برڈ میں H5N8کا وائرس پہلی مرتبہ ہندوستان میں پایا گیا ہے اور اسی وجہ سے مرکزی حکومت نے ایک ایڈوائزری جاری کرکے لوگوں کو مرغوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ مذکورہ وائرس سے ہونے والی بیماری کو روکا جاسکے۔ ایسوی ایشن کے صدر نے بیان میں کہا ہے کہ ہجرت کرنے والے پرندوں میں یہ وائرس پایا جاتا ہے اور یہ ممکن ہے کہ مہاجر پرندوں کیلئے کشمیر من پسند جگہ ہے ، اور ان ہی مہاجر پرندوں سے ہی یہ بیماری کشمیر میں پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری روکنے کیلئے پولٹری سے جڑے افراد کو بیماری کے بارے میں جانکاری دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس بیماری کو غذائی سلسلہ میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے کو پی پی ای اور ٹیمہ فلو کو روکنے کیلئے نظر رکھنی چاہئے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے