سرینگر//وادی کشمیر میں بروقت برف باری نے سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد کے چہروں پرمسکراہٹیں بکھیردی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اب سیاحوں کی بھاری تعدادوادی میں برف باری سے لطف اندوزہونے کےلئے واردکشمیرہوگی۔شمالی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جبکہ گلمرگ میں تین فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے۔حکام کے مطابق تازہ برف باری کے بعد منگلوار کو گلمرگ میں سیاحوں کی خاصی تعدادبرفباری سے لطف اندوز ہورہی تھی جس کی وجہ سے ہوٹل مالکان اورسرمائی سیاحت سے وابستہ افراد خوش نظر آرہے تھے۔حکام کے مطابق گلمر گ میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران3فٹ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ افروٹ اورکونگ ڈوری کی چوٹیوں پر5فٹ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق گلمرگ میں تازہ برف باری کے بعد سیاحوں کی خاصی تعداد کوگھومتے دیکھا گیا۔گلمرگ میں ایک ہوٹل کے منیجر شاکررزاق کے کہا،”چہارسوکئی فٹ برف کے بیچ گلمرگ میں سیاحوں کو دیکھنے سے خوشی ہوئی۔کل رات جونہی یہاں برف باری شروع ہوئی تو مقامی اور بیرونی سیاحوں نے یہاںپہنچناشروع کیا۔ہمیں امید ہے کہ اس سال موسم سرمامیں یہاں سیاحوں کی کافی تعداد آئے گی“۔شاکرنے تاہم کہا کہ حکام کو گلمرگ سرینگر شاہراہ کوقابل آمدورفت بنائے رکھنا ہوگاتاکہ سیاح آسانی کیساتھ گلمرگ پہنچ سکیں۔گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکیٹوآفیسرسیدحنیف بلخی نے’ کشمیروائر‘کوبتایاکہ گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین فٹ برف گری جبکہ بالائی چوٹیوں پرپانچ فٹ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ِ”آج گلمرگ میں سیاحوں کابھاری رش تھااورسڑکوں پر سے وقفے وقفے سے برف ہٹائی جارہی تھی“۔انہوں نے مزیدبتایاکہ یہ وقت ہے کہ برف باری آنے والے دنوں میں یہاں سیاحوں کی بھاری تعدادکوکھینچ سکتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس سال یہاں بہتر سرمائی سیاحتی سیزن ہوگا۔ بلخی نے کہا کہ سبھی محکمے کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کےلئے کمربستہ ہیں اورسیاحوں کویہاں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں سڑکوں پرسے صبح سویرے برف کوہٹایاتاکہ گلمرگ پہنچنے میں سیاحوں کوکوئی دشواری نہ ہواور وہ برف باری کا بھرپور لطف اُٹھا سکیں۔اس سال ہم سرمائی کھیل فیسٹول کےلئے تیار ہیں ۔گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ ہم نے ہوٹل مالکان سے کہا ہے کہ وہ رات کے دوران ایک ہی بلب روشن رکھیں تاکہ گلمرگ کی اصل خوبصورتی دکھائی دے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر گلمرگ سڑک پربدھوار صبح سویرے برف ہٹائی گئی اور اسے دوطرفہ ٹریفک کی آمدورفت کے قابل بنایا گیا۔بارہمولہ پولیس بھی سڑک پر درماندہ مسافروں کی مدد کےلئے پیش پیش تھی۔ بارہمولہ پولیس کی ایک ٹوئٹ میں تصاویر کے ساتھ درج تھا”پولیس اہلکار گلمرگ میں عوام کی مددکرتے ہوئے“۔تصاویرمیں پولیس اہلکاروں کو گلمرگ جانےو الی مختلف سڑکوں پررُکی پڑی گاڑیوں کودھکادیتے ہوئے دکھایاگیا تھا۔اس دوران سرینگر ہوائی اڈے پر پروازوں میں خلل کی وجہ سے سیاحوں کی آمدمتاثر ہوئی ہے۔ائر پورٹ حکام کے مطابق کم دکھائی دینے کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول میں خلل پیدا ہوا ہے۔