بانہال//حالیہ بارشوں ،ژالہ باری اور برف باری سے نجی املاک اور فصلوں کو ہوئے نقصانات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر سجاد شاہین نے کہا ہے کہ پورے رام بن ضلع بالخصوص بانہال اسمبلی حلقہ میں بارشوں سے بھاری تباہی ہوئی ہے ۔ پریس کے لئے جاری ریلیز کے مطابق وہ بانہال ویجی ٹیبل مارکیٹ میں دکانداروں سے بات کر رہے تھے۔ سبزی و پھل فروشوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے انہوںنے حکومت سے مانگ کی کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین کی ٹیم روانہ کی جائے جو حالیہ بارشوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لے کر معائوضہ کی ادائیگی کے لئے سفارشات کر سکے۔ انہوں نے بجلی، پانی اور رابطہ سڑکوں کی مکمل بحالی کی مانگ کرتے ہوئے راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی، ترہگام، سراچی، مہو منگت، پوگل مالیگام، پریستان ، نیل، سمبڑھ، ہنجال، تھاچی، سربگنی، چکہ، رام سو میں پچھلے کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ انہوںنے محکمہ زراعت پر بھی بجلی کی عدم فراہمی کا الازملگاتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔اس موقعہ پر بلاک صدر حاجی عبدالاحد شان، ضلع نائب صدر سیف الدین ڈار اور نائب صدر حاجی عبدالرشید شاہ نیز طارق احمد ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔