سرینگر//نیشنل کانفرنس نے نومبر 2018 میں ہوئی برفباری سے متاثرہ میوہ باغ مالکان کے حق میں ابھی تک امداد فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ کے بلند بانگ دعوئوں کے باوجود بھی متاثرہ لوگ سرکاری راحت کاری سے محروم ہیں۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کشمیر کے کئی وفود نے نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس پر آکر شکایت کی کہ انتظامیہ کی طرف سے گذشتہ سال ہوئی برفباری سے متاثرہ میوہ باغات کے مالکان کیلئے کوئی بھی امدادکارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ وفود نے بتایا کہ اگرچہ گورنر انتظامیہ نے بروقت امداد کاری کرنے کے اعلانات کئے تھے لیکن آج تک بیشتر متاثرین امداد سے محروم ہیں۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ ان متاثرین کو فوری امدادفراہم کی جائے ۔