سرینگر// کپوارہ اور گریز سیکٹر میں گزشتہ ہفتے برفانی تودوں کی زد میں آکر لاپتہ ہونے والے پانچ فوجی اہلکاروں میں سے اب تک چار اہلکاروں کی لاشیں بر آمدکی گئیں ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں 12دسمبر کو ہوئی بھاری برف باری کے بعد برفانی تودوں کی زد میں آکر لاپتہ ہونے والے دو فوجی اہلکاروں میں سے بدھ کو بچائو ٹیم کے اہلکاروں نے ایک فوجی اہلکارکی لاش کو بر آمد کیا۔ بر آمد شدہ اہلکار کی پہچان رائفل مین مورتی کے طور ہوئی ہے۔ اس سے قبل بچائو ٹیم نے گزشتہ روز گریز سیکٹر میں لاپتہ ہوئے دو فوجی اہلکاروں کی لاشوں کو بر آمد کیا تھااور بچائو ٹیم نے سوموار کو کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں لاپتہ ہوئے ایک فوجی کی لاش بر آمد کی تھی۔ .دفاعی ذرائع کے مطابق لاپتہ ہوئے ایک اور فوجی اہلکار کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔خیال رہے کہ 12دسمبر کو ہوئی بھاری برف باری کے بعد کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں پائوں پھسلنے سے دوفوجی اہلکار لاپتہ ہوئے تھے جبکہ بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں برفانی تودوں کی زد میں آکر تین فوجی اہلکار زندہ دفن ہوئے تھے جن کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر بچائو کارروائی کو شروع کیا گیاتھا۔