کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کی صدارت میں بدھ کو افسران اور انجینئروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موسم سرما کے دوران برف ہٹانے اور ضلع میں لازمی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کسی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو تیاری کی حالت میں رکھاگیا ہے۔جبکہ طویل خشک سالی سے نمٹنے کےلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ہیڈکوارٹر پر جوائنٹ کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جہاں برف ہٹانے کے لئے مشینیں تیاری کی حالت میں رکھی گئی ہے۔ایم ای ڈی کو 11مشینوں کے ذریعے 541کلومیٹر سڑکوں سے برف ہٹانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت عامہ اور محکمہ بجلی کو پینے کے پانی اوربجلی کی اطمینان بخش سپلائی یقینی بنانے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل اپنانے پر زوردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ طویل خشک سالی کے پیش نظر عوام کو پانی اور بجلی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے لازمی اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثنا محکمہ صحت کو بھی ضلع میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے پر زوردیا گیا۔