سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کو دیکھتے ہوئے سرینگرمیونسپلٹی نے شہر کے اہم چوراہوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینوں کی فراہمی عمل میں لائی ہے۔ سرینگر میونسپلٹی کے چیف ٹرانسپورٹ آفیسر سعید بٹیاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ،’’ کمشنر میونسپلٹی کی ہدایت پر سرینگر شہر کے اہم سڑکوں لال چوک، ڈلگیٹ ، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، خانیار، حضرتبل ، فورشور روڑ کے علاوہ سبھی 10وارڈوں میں برف ہٹانے کیلئے ٹریکٹر مہیا کئے گئے ہیں جبکہ میونسپلٹی میں بھی 10ٹریکٹر، 6جے سی بی اور 12لوڈروں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے‘‘۔سعید بٹیاری نے بتایا کہ تمام اہم چوراہوں پر برف ہٹانے کیلئے ضروری سامان کے ساتھ نفری کو تعینات کیا گیا ہے جو پورے شہر میں رات بھر تعینات رہیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات نے 26سے 28تاریخ تک دیہی علاقوں میں بھاری اور شہری علاقوں میں ہلکی برف باری کی پیشن گوئی کی ہے۔