عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (ACB) نے منگل کو تحقیقات مکمل کرنے اور استغاثہ کی منظوری حاصل کرنے کے بعد دو الگ بدعنوانی مقدمات میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پہلا مقدمہ بارہمولہ کی خصوصی عدالت میں دائر کیا گیا، جس میں پانچ ملزمان بشمول سابق ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (DDC) بانڈی پورہ شامل ہیں۔ الزام ہے کہ ضلع انتظامیہ میں ایک عارضی آرڈرلی کی غیر قانونی ریگولرائزیشن کے لیے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کیا گیا، جس سے اسے تنخواہ، ترقی اور دیگر سہولیات حاصل ہوئیں اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔ عدالت نے چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو ضمانت پر رہا کیا اور اگلی سماعت 13 اگست 2026 مقرر کی۔ دوسرا مقدمہ سرینگر کی خصوصی عدالت میں دائر کیا گیا، جس میں دو پولیس اہلکاروں پر سونہ مرگ ٹریفک چیک پوسٹ پر رشوت لینے کا الزام ہے۔ شکایت کے مطابق ایک ٹرک ڈرائیور سے 9 ہزار روپے طلب کیے گئے تاکہ گاڑی کو لداخ جانے کی اجازت دی جا سکے۔ اے سی بی کے ٹریپ کے دوران ایک اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور رقم برآمد کی گئی۔ عدالت نے چارج شیٹ قبول کر کے سماعت 28 جولائی 2026 کے لیے مقرر کی۔