جموں//حکومت نے ریاستی بجٹ برائے سال 2018-19 کو تیار کرنے کا عمل شروع کیا ہے ۔ اس بجٹ کو جنوری 2018 کے پہلے ہفتے میں اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔ پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کے چودھری نے بجٹ منصوبوں پر محکموں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا کام شروع کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ کام دسمبر 2017 کے دوسرے ہفتے میں مکمل ہو جائے گا ۔ اس عمل کی ایک کڑی کے طور پر پرنسپل سیکرٹری نے لگ بھگ آدھے درجن محکموں کے ساتھ بجٹ سے پہلے کا تبادلہ خیال کیا ۔ جن میں محکمہ اطلاعات ، ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹو کول ، اسٹیٹس ، محنت و روز گار اور لداخ امور شامل ہیں ۔ ڈائریکٹر بجٹ امتیاز احمد اور محکمے کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعے پر موجود تھے ۔ انہوں نے ان محکموں سے رواں مالی سال کے بجٹ کے دوران کئے گئے اعلانات کے بارے میں اے ٹی آر طلب کی ۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ حکومت نے بجٹ جنوری کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے دسمبر 2017 کے دوسرے ہفتے میں تیار کیا جائے گا ۔ نوین کے چودھری نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ جب ریاستی حکومت سالانہ بجٹ جنوری میں ہی پیش کرے گی اور پچھلے سال بھی اسی مہینے میں بجٹ پیش کیا گیا تھا جبکہ پہلے یہ بجٹ مارچ مہینے میں پیش کیا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اخراجات میں معقولیت لانا ، وسائل کی بہتر نظامت اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل ہی وقت سے پہلے بجٹ پیش کرنے کا بنیادی مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ نے مختلف محکموں کو لکھا ہے کہ وہ پچھلے بجٹ کے دوران کئے گئے اعلانات کے حوالے سے اے ٹی آر طلب کیا ہے تا کہ کئے گئے اعلانات کو حقیقت میں بدلا جا سکے اور اس ضمن میں لازمی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔