بارہمولہ// ٹنگمرگ کے کئی دیہات میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے جس کے نتیجے میں صارفین میں محکمہ بجلی کے تئیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ فیروز پورہ ،کاتی پورہ ،چھاندل وانیگام ،تیرن ،ہری وٹنو اورسونلی پورہ رتن پورہ کے علاوہ دیگر دیہات کے لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بجلی لوگوں کو بجلی سپلائی فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے ایک انوکھا بجلی شیڈول مرتب کیا ہے ،جس کے مطابق بجلی کے آنے اور جانے کا کبھی پتہ ہی نہیں چلتا ہے۔ایک مقامی شہری محمد ایوب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام ہوتے ہی ہر سو اندھیرا چھا جاتا ہے اور کئی علاقوں میں بجلی آتے ہی واپس چلی جاتی ہے جس کے نتیجے میں عوام کے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کئی بار احتجاج بھی کیا گیا لیکن محکمہ آج تک صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کارگر اقدامات نہیں کر رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی فیس باقاعدہ ادا کرنے کے باوجود بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ میٹر نصب کرتے وقت ان کے ساتھ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں 24گھنٹے بجلی سپلائی مہیا رکھی جائے گی لیکن اب 24گھنٹے تو دور لوگوں کو مشتہر کردہ شیڈول کے مطابق بھی بجلی فراہم نہیں کی جاتی۔