حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں بجلی کی طویل کٹوتیوں سے لوگ پریشان ہیں۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پورے پورے دن غائب بجلی کی وجہ سے لوگوں کی تجارت بھی متاثر ہو رہی ہے اور یہ عمل صارفین کی مایوسی میں اضافہ کر رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے روزمرہ کی بنیادی سرگرمیوں کا مکمل انحصار بجلی پر ہے۔ اس لئے اگر تکنیکی خرابیاں یا دیکھ بھال کے مسائل پیدا ہوں تو ان کو جلد سے جلد حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا صارفین کے لئے بجلی آنے کا گھنٹوں انتظار کرنا، خاص طور پر جب کوئی معلومات فراہم نہیں کی جائیں ناقابل قبول ہے، وہ بھی ایسے دور میں جبکہ حکومت سمارٹ میٹرز کی تنصیب جیسے منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، سب سے پہلے ایک مستحکم اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا مایوسی اس وقت ہوجاتی ہے جب شہری خلائی مشن جیسی بڑی کامیابیاں دیکھتے ہیں، پھر بھی بجلی جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہتر سروس کو یقینی بنانے کے لئے پی ڈی ڈی کو جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے، اور لوگوں کو امید ہے کہ ان بندشوں کو حل کرنے کے لئے فوری کارروائی کی جائے گی۔