عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ// پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سنئی علاقے میں جمعہ کو محکمہ بجلی کے دو یومیہ اجرت مزدور مرمتی کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ 11 کے وی لائن کی مرمت کے دوران دو ڈیلی ویجروں کو بجلی کا کرنٹ لگا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئے۔ دونوں افراد کو فوری طور پر علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیاجہاں سے انھیں جدید علاج کے لئے جی ایم سی راجوری منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت محمد فاروق (48) ولد فقیر محمد سکنہ پوٹھہ اور محمد خلیق (45) ولد محمد رشید سکنہ سنئی کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثنا، زخمیوں کے اہل خانہ نے پونچھ جموں شاہراہ کو سنئی کے مقام پر بلاک کر دیا اور پی ڈی ڈی حکام کی جانب سے لاپرواہی کے خلاف احتجاج کیا ۔اس دوران زخمیوں کے رشتہ داروں نے کہا کہ اگر کہیں بجلی خراب تھی تو محکمہ کو چاہیے تھا کہ وہ پہلے گریڈ سٹیشن سے بجلی بند کرواتے اور اس کے بعد کام کرواتے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے متعلقہ جونیئر انجینئراور محکمہ کے آفسران کے خلاف اس لاپرواہی کو لے کر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دریں اثنا اس حوالے سے بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ڈاکٹر محمد یوسف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں بجلی کرنٹ لگنے کی وجہ سے دو شدید زخمیوں کوہسپتال لایا گیا جن کو سرنکوٹ سب ضلع ہسپتال سے ابتدائی علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں زخمیوں کو کرنٹ لگنے کی وجہ سے شدید زخم لگے ہوئے تھے اور ان دونوں کا سٹی سکین کروانا ضروری تھا جس وجہ سے انہیں سرنکوٹ ہسپتال سے منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راجوری میڈیکل کالج سے ایک شدید زخمی کو بہتر علاج کیلئے چندی گھڑ لے جایا گیا جبکہ دوسرا میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج ہے۔