عارف بلوچ
اننت ناگ// بجبہاڑہ میں جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ آئی آر پی 23 بٹالین میں تعینات دونوں اہلکارگھر جا رہے تھے اس وقت شدید زخمی ہو گئے جب ایک گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو بجبہاڑہ کے زرپارہ علاقے میں ٹکر مار دی۔پولیس نے بتایا کہ دونوں کو علاج کے لیے قریبی سب ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھا۔ متوفی کی شناخت طارق احمد آہنگر ساکن ویری ناگ کے طور پر ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت اشفاق احمد آہنگر ساکن نوپورہ ڈورو کے طور پر کی گئی ۔
اس دوران سرینگرجموں شاہراہ پر بدراگنڈ قاضی گنڈ کراسنگ پر تیزرفتاری سے آرہی امرناتھ یاتریوں سے بھری ایک بس ،ایک ڈمپر کیساتھ ٹکرائی ،جسکے نتیجے میں بس میں سوار 20یاتری زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایاکہ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے یاتریوں میں سے 18کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ2شدید زخمی یاتریوں کو علاج کیلئے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔پولیس نے مزید کہا کہ اس معاملے کا نوٹس لیکر معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔دریں اثناء سری نگر لیہہ شاہراہ پر سترینہ کنگن کے مقام پر ایک تویرا سڑک پر ایک ڈھابے کے قریب کھڑی تھی کہ اچانک یاتریوں کولے جانے والا ایک ٹیمپو ٹراولر تویراکیساتھ پیچھے سے ٹکر ایا ،تاہم اس حادثے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔