عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائرکٹر سریکلچر اعجاز احمد بٹ نے اننت ناگ ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائنہ کیاجس میں سیڈ اسٹیشن اچابل میں سلک ورم سیڈ بلڈنگ بھی شامل ہے۔انہوں نے مختلف دفاتر، شہتوت کی نرسریوں اورفارموں کا بھی دورہ کیا ۔ڈائریکٹر موصوف نے چوکی ریئرنگ سنٹرز، ریئرنگ شیڈز اور محکمہ کے ضلعی دفاتر کے ساتھ جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقے کے ریشم کے کیڑے پالنے والوں سے بھی بات چیت کی جن میں نیشنل ایوارڈ یافتہ رشیدہ اور نور حسن خان بنگلابل بھی شامل ہیں جومحکمہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی مختلف اسکیموں اور سہولیات سے فائدہ اٹھا کر وہ باوقار روزی روٹی کماتے ہیں اور اپنے خاندانوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کرتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سیریکلچر نے کہا کہ بنگلابل، چترگل اننت ناگ میں ہر ایک کسان اور ریشم کے کیڑے پالنے والے کو تقریباً 150 سے 300 شہتوت کے پودے پہلے ہی فراہم کیے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے قبائلی علاقوں کے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اپنے شہتوت کے فارمز اور بلاکس کے قیام کیلئے محکمہ کی طرف سے فراہم کیے جانے والے مختلف مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔