محمد تسکین
بانہال // ریلوے سٹیشن بانہال پر ریلوے حکام کی طرف سے ڈرون سروے کی جارہی ہے جو بانہال اور بارہمولہ کے درمیان مجوزہ دو طرفہ ریلوے لائین کی تعمیر کا پہلا مرحلہ ہے۔پیر کے روز ریلوے اسٹیشن بانہال پر ڈرون سروے کی گئی اور اس موقع پر ڈرون سروے کمپنی سکائی لارک ، شمالی ریلوے اور ریلوے پولیس کی ایک ٹیم بانہال موقع پر موجود تھی۔ بانہال سے بارہمولہ ریلوے لائن یکطرفہ ہے اور حال ہی میں حکومت نے اسے ڈبل وے ریلوے لائین بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بانہال سے بارہمولہ کے درمیان ریلوے لائین کا فاصلہ 135 کلومیٹر ہے اور یہ اس پر ایک وقت میں ایک ہی ریل گاڑی چل سکتی ہے۔شمالی ریلوے کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بانہال اور بارہمولہ کے درمیان سروے کا کام گزشتہ ایک ماہ میں جاری ہے اور ڈرون سروے کا بیشتر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون سروے کی مکمل رپورٹ کو مزید کارروائی کیلئے ریلوے بورڈ کو پیش کیا جائے گا۔